
اسلام آباد: پاکستانی حکومت نے افغان مہاجرین کی قانونی دستاویزات میں توسیع کا سلسلہ روک دیا ہے۔ پاکستان میں مقیم بعض افغان مہاجرین نے افغانستان کی طلوع نیوز ایجنسی کو بتایا کہ پاکستانی حکومت ان کی قانونی دستاویزات میں توسیع نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستانی حکام سے پناہ گزینوں کو دئے گئے پروف آف رجسٹریشن کارڈ کے بارے میں بات کریں۔ ایک اور افغان مہاجر نے بتایا کہ پاکستانی حکومت نے غیرقانونی مقیم پناہ گزینوں کو حراست میں لیکر واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا تھا کہ افغان باشندوں کو غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے موثر پالیسی بنائی گئی ہے۔ غیر قانونی پناہ گزینوں کو ان کے ممالک میں واپس بھیج دیا جائے گا کیونکہ انہیں ہمارے ملک میں رہنے کا حق نہیں ہے۔


































