
واشنگٹن: امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان میں طالبان حکومت کے بارے میں پاکستان کے تحفظات سے آگاہ ہے اور اس حوالے سے مناسب کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
اٹلانٹا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ان حملوں پر تشویش ہے جن کی پشت پناہی افغانستان کی سرزمین سے کی جا رہی ہے۔ پاکستان کا خیال ہے کہ طالبان نے ان حملوں کو روکنے کے لیے کافی اقدامات نہیں کیے ہیں، اور اُنھوں نے اس کے خلاف کارروائی کی ہے۔ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے یہ تحفظات سنے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان میں دہشت گردی ہو اور اسے نشانہ بنایا جائے۔ لہذا اگر ہم اس معاملے میں کوئی بامعنی کردار ادا کر سکتے ہیں تو ہم کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے طالبان حکومت کے ساتھ قریبی تعلقات نہیں ہیں، ہم نے پاکستان کی جانب سے اُٹھائے گئے تحفظات سنے ہیں اور ایسے بعض حملے بھی دیکھے ہیں جن کی طرف پاکستان اشارہ کرتا ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں، چاہے وہ کہیں بھی ہو اور اس کا نشانہ کوئی بھی ہو۔

































