
اسلام آباد: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا ہے کہ پاکستان نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں سے رہا ہونے والے 15 فلسطینی قیدیوں کی میزبانی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی کا کہنا تھا کہ اسرائیل اب تک تقریباً 180 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر چکا ہے اور ان میں سے کچھ مصر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی، الجزائر، ملائیشیا، پاکستان اور انڈونیشیا سمیت متعدد مسلم ممالک نے ان قیدیوں کی میزبانی پر آمادگی ظاہر کی ہے جب کہ ہمیں باضابطہ طور پر تصدیق ملی ہے کہ پاکستان نے 15 فلسطینی قیدیوں کی میزبانی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ میں 15 ماہ سے جاری لڑائی کے بعد 16 جنوری کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا تھا، جس کے معاہدے کے تحت فلسیطنیوں کی غزہ واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔


































