
آستانہ : وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔ اقوام متحدہ تنازعات سے متعلق اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کروائے۔ انہوں نے کہا کہ غیثرملکی قبضے کی وجہ سے تنازعات سر اٹھا رہے ہیں اور تنازعات کے سبب انسانیت کو مسائل کا سامنا ہے اس لیے پرُامن بقائے باہمی کے لیے تنازعات کا پرامن حل ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ اجلاس ایسے موقع پر ہورہا ہے جب فلسطینیوں کو انسانیت سوز مظالم کا سامنا ہے، ہزاروں فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے عالمی عدالت انصاف نے بھی اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیا ہے ہم غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ اسلامو فوبیا ایک بڑا مسئلہ ہے ہمیں اس مسئلے کے حل کے لیے بھی مل کر کام کرنا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے سبب دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، کورونا کے سبب دنیا کو معاشی اور سماجی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


































