
نیویارک: پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا مشرقِ وسطیٰ (یمن) کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے خطاب میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ عثمان جدون کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے، خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات ، سفارتکاری اور تحمل کا راستہ اختیار کریں۔ پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے مزید کہا کہ یمن میں پائیدار امن جامع سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔


































