
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سربراہ اور ریاست ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاہد النہیان سے رابطہ کیا۔ اور یمن سے ڈرون حملے کی مذمت اور امارات کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون رابطے میں انہیں ابوظہبی میں ہونے والے حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اور پاکستانی شہری کے انتقال پر دلی تعزیت کی۔ شاہ محمود قریشی نے متوفی پاکستانی شہری کی میت کی جلد وطن واپسی اور زخمیوں کے لیے فوری علاج معالجے کی کاوشوں پر اماراتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔متحدہ عرب امارات کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں متحدہ عرب امارات کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔خیال رہے کہ ابوظہبی کے دو مقامات پر مشتبہ ڈرون حملوں کے باعث آگ لگنے سے پاکستانی سمیت 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔


































