
تفتان: پاکستان اور ایران نے سرحد پر مکمل باڑ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔اس بات کا فیصلہ پاک ایران بارڈر کمیٹی کے ساتویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں اسمگلنگ کی روک تھام، بارڈر کراسنگ، بجلی کی فراہمی، سرحد پر باڑ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے سرحدی خلاف ورزیوں کے خلاف سنجیدہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گرد گروہوں، شرپسندوں اور منشیات کے اسمگلروں کا مقابلہ کیا جائے گا۔ ایرانی تیل کی اسمگلنگ کو روکا جائے گا۔ دونوں ممالک قیدیوں کی معلومات کا تبادلہ کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایران تفتان کے چار گاؤں کو بجلی فراہم کرے گا۔ اور زائرین کے ویزوں کے اجراء میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔


































