
اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان نئے سال کے آغاز پر ایٹمی تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا۔ ایٹمی تنصیبات اور سہولیات کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئیں جبکہ بھارتی وزارت خارجہ نے بھی ایٹمی تنصیبات اور سہولیات کی فہرست پاکستان ہائی کمیشن کے حوالے کیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فہرستوں کا تبادلہ 31 دسمبر 1988 معاہدے کے تحت سال میں 2 بار کیا جاتا ہے۔ اس معاہدے کی توثیق 26 جنوری 1991 کو کی گئی تھی۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو 628 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھی حوالے کر دی گئی۔ پاکستان کی جیلوں میں 51 بھارتی اور 577 مچھیرے قید ہیں، پاکستان اور بھارت سال میں 2 بار قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو کیا جاتا ہے۔بھارتی حکومت نے بھی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو 355 قیدیوں کی فہرست حوالے کیں۔ جس کے مطابق 282 پاکستانی شہری اور 73 مچھیرے بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔


































