
پاکستان کی ایران میں جوابی کارروائی۔ دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے آج صبح ایران کے صوبے سیستان بلوچستان میں دہشت گردوں کی مخصوص پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا ہے۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو آپریشن مرگ بر سرمچار کا نام دیا گیا ہے۔ سیستان میں انٹیلی جنس بیسڈ پاکستانی آپریشن میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان دفترِخارجہ کےمطابق سنگین خدشات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے ہیں۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے۔ آج کی کارروائی کا واحد مقصد پاکستان کی اپنی سلامتی اور قومی مفاد کا حصول تھا۔ پاکستان کی سلامتی اور قومی مفاد کے حصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان چند سال سے ایران سے رابطوں میں بار بار دہشت گردوں کے بارے میں آگاہ کرتا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کا غیر متزلزل عزم ہے۔ پاکستان کئی سال سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کرتا رہا ہے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق یہ کارروائی اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، اس پیچیدہ آپریشن کی کامیابی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کو برقرار رکھتا ہے۔ یو این چارٹر اصولوں میں رکن ممالک کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری شامل ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران برادر ملک ہے اور پاکستانی عوام ایرانی عوام کے لیے عزت اور محبت رکھتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیشہ دہشت گردی سمیت مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بات چیت اور تعاون پر زور دیا، آئندہ بھی مشترکہ حل تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔


































