
دمشق: شام کے صوبہ حمص کے دیہی علاقوں میں داعش کے خلاف سیکیورٹی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جو پالمیرا کے قریب ہونے والے مہلک حملے کے بعد کیا گیا۔ شامی سرکاری میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حمص کے مضافاتی علاقوں میں داعش کے سلیپر سیلز کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔ یہ آپریشن قدیم شہر پالمیرا کے قریب ہفتے کے روز ہونے والے اس حملے کے بعد کیا گیا، جس میں شامی اور امریکی افواج کی مشترکہ گشت ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
سرکاری ٹی وی چینل الاخباریہ کے مطابق کارروائیاں فرقلس، القریتین اور حمص کے صحرائی علاقوں میں کی گئیں، جہاں داعش کے خفیہ نیٹ ورکس کی موجودگی کا شبہ ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق داعش کے ایک مسلح حملہ آور نے گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں دو امریکی فوجی اور ایک شہری ہلاک جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے۔


































