
اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت اعظمیٰ کیلئے نامزد کردیا۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ہم نے پوری مشاورت کی ہے۔ ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے۔ عمران خان نے مجھے اسائنمنٹ دیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کروں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے۔ ادھر عمران خان نے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کیخلاف ہفتے کو پورے ملک میں پُرامن احتجاج کریں گے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، جو جماعتیں سمجھتی ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی وہ بھی احتجاج میں شرکت کریں۔


































