
کوئٹہ: نوشکی میں نامعلوم افراد نے 9 مسافروں سمیت 11 افراد کو قتل کردیا۔ نوشکی پولیس کے مطابق مسلح افراد نے کوئٹہ سے تفتان جانے والی ایک مسافر بس کو اسلحے کے زور پر روکا۔ مسلح افراد نے بس میں سوار مسافروں کے شناختی کارڈز دیکھے اور اُن میں پنجاب کا رہائشی پتا رکھنے والے 9 مسافروں کو اُتار کراغوا کرلیا اور قریبی پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے۔ بعد میں کچھ فاصلے پر ایک پُل کے نیچے سے تمام 9 مغوی مسافروں کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ مقتولین میں 8 سرکاری اہلکار بتائے جاتے ہیں۔ جبکہ نوشکی ہی میں دوسرے واقعے میں ایک گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں مزید 2 افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر نوشکی حبیب اللہ موسٰی خیل نے بتایا کہ ایک درجن سے زائد مسلح افراد نے قومی شاہراہ کو بند کرکے نہ رُکنے پر ایک گاڑی پر فائرنگ کی فائرنگ کے نتیجے میں ٹائر برسٹ ہونے سے گاڑی اُلٹ گئی جس سے اس میں سوار دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ۔ حملہ آوروں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک موٹرسائیکل سوار بھی زخمی ہوا۔


































