
ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے تصدیق کی ہے کہ ایٹمی ہتھیار بیلاروس پہنچا دیے گئے ہیں۔ مغرب روس کو اسٹریٹجک شکست نہیں دے سکتا۔ سینٹ پیٹرز برگ میں اکنامک فورم سے خطاب میں روسی صدر نے کہا کہ ہتھیار پہنچانے کا مرحلہ موسم گرما میں مکمل کرلیا جائے گا۔ وہ نہیں سمجھتے کہ فی الحال انہیں جوہری ہتھیاروں کا سہارا لینے کی ضرورت پڑے گی۔ ایٹمی ہتھیار اسی صورت استعمال کیے جائیں گے جب روس کے علاقے یا ریاست کو خطرات لاحق ہوں گے۔ پیوٹن نے دعویٰ کیا کہ روس کے پاس نیٹو ممالک سے زیادہ ہتھیار ہیں اس لیے وہ ہتھیاروں کی کمی پر بات چیت کی طرف گامزن رہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روسی فوج کیف کے مرکز میں موجود کسی بھی عمارت کو تباہ کر سکتی ہے لیکن وہ ایسا نہیں کرتے، ماسکو کے قریب حملے کرکے روس کو اکسانے کی کوشش کی گئی ہے۔


































