
تہران : ایران نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ویانا مذاکرات میں پابندیوں کے خاتمے سے کم یا زیادہ کچھ بھی قابل قبول نہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے جوہری معاہدے کے باقی فریقین کے ساتھ ویانا مذاکرات میں نئے وعدوں کے تعارف کو مسترد کرتےہوئے کہا کہ ایرانی ٹیم کی ساری توجہ پابندیوں کےخاتمے پرمرکوز ہے۔مرحلہ وار مذاکرات یا نئی شقوں کے اضافے جیسے معاملات کی ویانا مذاکرات میں کوئی گنجائش نہیں۔ تہران پختہ عزم کے ساتھ ویانامذاکرات میں شامل ہے دوسرے فریق وقت ضائع کرنے کے بجائے پابندیوں کے خاتمے کی سچی نیت کے ساتھ ویانا آئے ہیں تو مذاکرات صحیح ٹریک پر آسکتے ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ ایران جوہری معاہدے میں غیر موجود کسی امر کی پاسداری کا ارادہ نہیں کرے گا۔


































