
ریاض : سعودی عرب، خلیج تعاون کونسل اور دیگر عرب ممالک نے فلسطینیوں کی نقل مکانی سے متعلق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے بیانات کو مسترد کر دیا۔ سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر رہنے کا حق حاصل ہے ۔ فلسطینی بیرون ملک سے آنے والے غیر ملکی قابض یا تارکین وطن نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کا حق ثابت قدم رہے گا اور کوئی بھی اسے چھین نہیں سکے گا چاہے اس میں کتنا وقت لگے۔ سعودی عرب نے زور دے کر کہا کہ دو ریاستی حل کے ذریعے بقائے باہمی کے اصول کو قبول کرنے سے ہی پائیدار امن حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ادھر خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدوی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ بیانات ریاستوں کی خودمختاری کی توہین کا ثبوت ہے۔
عراقی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ عراق سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی۔ سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی حمایت میں اپنے مضبوط مؤقف کی تائید کرتا ہے۔
کویتی وزارت خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی عوام کے تمام جائز حقوق کی بحالی کے لیے سعودی کوششوں میں ساتھ ہے۔


































