
انقرہ : سعودی عرب غزہ کے معاملے پر زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھنے کو تیار نہیں۔ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں عرب اور اسلامی وزارتی اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کی اراضی سے منتقل کرنے کی کوئی تجویز قابل قبول نہیں ہے۔ غزہ میں فوری اور مستقل بنیادوں پر جنگ بندی ہونا ضروری ہے تاکہ شہریوں کی مشکلات کو حل کیا جائے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے ذریعے مسئلہ فلسطین کے حتمی سیاسی حل کی راہ ہموار ہوسکے۔ سعودی وزیر خارجہ نےکہا کہ شہریوں کو امداد سے محروم کرنا بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی صریح خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہے۔ عالمی برادری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن دباؤ ڈالے۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جنگ بندی کے حوالے سے جاری مذاکرات پر زور دیتے ہوئے انہیں انتہائی اہم قرار دیا۔


































