
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی تعمیر نو کے اپنے منصوبے پر عالمی حمایت نہ ملنے پر یوٹرن لے لیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئرش وزیراعظم کے ساتھ نیوز کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال پر کہا کہ کوئی کسی کو غزہ سے بے دخل نہیں کررہا۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ سے بیس لاکھ سے زائد فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی تجویز سے پیچھے ہٹنا ٹرمپ کی واضح پسپائی ہے۔ حازم قاسم نے بیان میں کہا کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات غزہ کے لوگوں کو بے گھر کرنے کے کسی بھی خیال سے پیچھے ہٹنے کی نمائندگی کرتے ہیں تو ان کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مطالبہ کرتےہیں کہ اسرائیل کو جنگ بندی کے معاہدوں کی تمام شرائط پر عمل درآمد کرنے کا پابند بنا کر اس پوزیشن کو مزید تقویت دی جائے۔


































