
بیروت : حماس کی اسرائیل کو جنگ بندی معاہدے کی نئی تجاویز سامنے آگئیں۔ حماس نے قطر اور مصری ثالثوں کے ذریعے اپنی تجاویز اور شرائط اسرائیل کو پہنچادی ہیں۔ جس میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے عوض اسرائیلی جیلوں میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے سو فلسطینیوں سمیت ہزار افراد کی رہائی ،مستقل جنگ بندی اور غزہ سے اسرائیلی انخلا کے مطالبات شامل ہیں۔ اس کے بدلے میں حماس بزرگ، خواتین اور بچوں کو رہا کردے گی۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے اس تجویز کو بھی غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا ہے۔ دوسری جانب مصر اور قطر اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے سلسلے میں پائے جانے والے معمولی اختلاف طے کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ تاکہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے خطرے سے نکل سکیں۔


































