
کراچی : پاکستانی قوم کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، تھر کول فیلڈ بلاک 1 میں تین ارب ٹن کوئلے کے ذخائر برآمد ہوئے ہیں۔ چین اقتصاداری راہداری (سی پیک) میں شامل تھرکول بلاک ون سے کوئلہ نکل آیا۔ تھر کول بلاک ون سائٹ پر پاکستانی انتظامیہ اور چینی ماہرین نے کوئلہ نکلنے پر جشن منایا۔ ڈپٹی سی ای اوسائنو سندھ ریسورسز کمپنی کے مطابق کوئلہ 145میٹر کھدائی کی تکمیل کے بعد نکلا، کوئلےکی سالانہ پیدوار پہلےمرحلے میں9 ارب ٹن ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ ’’تھر بدلے گا پاکستان‘‘، آج یہ نعرہ حقیقت بنتا جارہا ہے، بلاک 1 میں 145 میٹر کھدائی کے بعد کوئلہ نکلا ہے، یہ سندھ حکومت کی دوسری بڑی کامیابی ہےوزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ تھر کول فیلڈ بلاک 1 میں 3 ارب ٹن کوئلہ کے ذخائر موجود ہیں جو 5 ارب بیرل خام تیل کے برابر ہیں، تھر کول فیلڈ بلاک 1 سے کوئلہ برآمد ہونے پر پورے ملک کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔


































