
تل ابیب: اسرائیلی اپوزیشن نے جنگی جنونی اور انسانیت دشمن وزیراعظم نیتن یاہو کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے ہٹانے پر زور دیا ہے۔ اسرائیلی خفیہ ایجنسی شن بیٹ کے سربراہ رونن بار کے سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط کا جائزہ لینے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان نے مشترکہ اجلاس کیا جس میں اپوزیشن لیڈر اوریش اتید پارٹی کے سربراہ یائر لاپڈ. اسٹیٹ کیمپ پارٹی کے سربراہ بینی گانٹز۔ یسرائیل بیٹینو پارٹی کے سربراہ ایویگڈور لیبرمین اور ڈیموکریٹس پارٹی کے رہنما یائر گولن نے حصہ لیا۔ اجلاس کے بعد اپوزیشن رہنماؤں نے ایک مختصر بیان میں نیتن یاہو کے طرزعمل کی مذمت کی اور کہاکہ رونن بار کا خط ثابت کرتا ہے کہ نیتن یاہو اسرائیل کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور وہ وزیر اعظم نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو اپنے شہریوں کی نگرانی اور جمہوریت کو ختم کرنے کے لیے شن بیٹ کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ نیتن یاہو کے تحت شن بیٹ کے نئے سربراہ کا تقرر اسرائیل اور اس کے شہریوں کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہو گا۔


































