
ناگپور: بھارتی شہر ناگپور میں مغل بادشاہ اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کے مطالبے پر تشدد بھڑک اٹھے۔ ہندوانتہا پسند تنظیموں وشو ہندو پریشد اور ہندوتوا بجرنگ دل کے ارکان نے محل علاقہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور اورنگزیب کے مقبرہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اورنگزیب کا پتلا اور سبز کپڑے میں علامتی قبر کو جلایا۔سبز کپڑے کو جلانے سے افواہیں پھیل گئیں کہ اس پر کئی مقدس آیات لکھی گئی ہیں۔ جس پر دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے۔ احتجاج کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر مسلم کمیونٹی کے افراد کے غصے میں شدت آگئی۔ بلوائیوں نے گاڑیوں اور دکانوں کو آگ لگادی اور گھروں پر سنگباری کی۔ پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔ ناگپور کے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔


































