
کراچی: پاکستان، بھارت، ایران اور عراق سمیت دنیا بھر میں آج نو محرم کی عزاداری پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور دنیا کے لاکھوں انسان شہدائے کربلا کی یاد میں اشک غم بہا رہے ہیں۔
اس موقع پر مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں اور مختلف انجمنیں ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔
کربلا میں لاکھوں عزادار سید الشہدا روضہ امام حسین ع پر جمع ہیں جہاں ماتم داری کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف علمائے کرام ذکر مصائب اہلبیت علیھم السلام بیان کر رہے ہیں۔
مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام، قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضوں میں زائرین کا جمع غفیر ہے۔
دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی لاکھوں کی تعداد میں محبان رسول و آل رسول علیھم السلام، مساجد و امام بارگاہوں میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں میں شریک ہیں۔
کراچی سمیت پاکستان بھر میں نو محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے اپنی اپنی منازل پر اختتام پذیر ہوں گے۔


































