
لندن: ہیکرز نے ریسٹورنٹس میں استعمال ہونے والا سافٹ ویئر ہیک کرلیا، مبینہ طور پر 20 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کا پرسنل ڈیٹا انٹرنیٹ پر فروخت کےلیے دستیاب ہے۔ ہیکرز نے انٹرنیٹ پر ڈیٹا برائے فروخت کا اشتہار بھی دے دیا۔ ہیکرز کی اپ لوڈ کی گئی تصاویر حاصل کرلیں۔ اشتہار کے ہمراہ کئی پاکستانیوں کا پرسنل ڈیٹا سیمپل کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ ہیکرز کا کہنا ہے کہ ہم نے 250 سے زائد ریسٹورنٹس کا کسٹمر ڈیٹا بیس ہیک کرلیا ہے، شہریوں کے کریڈٹ کارڈ نمبرز اور موبائل نمبرز کا ڈیٹا بھی سیمپل میں موجود ہے۔ کس شہری نے کس ریسٹورنٹ میں کتنی بار اور کتنی ادائیگی کی اس کا سارا ڈیٹا بھی انٹرنیٹ پر موجود ہے۔ انٹرنیٹ پر برائے فروخت 22 لاکھ شہریوں کے ڈیٹا کی قیمت 2 بٹ کوائن مانگی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک بٹ کوائن کی قیمت 27 ہزار ڈالر ہے، پاکستانی روپوں میں دو بٹ کوائن کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیکرز کے اشتہار میں چھوٹے بڑے درجنوں ریسٹورنٹس کے نام بھی موجود ہیں۔ مخصوص سافٹ ویئر پاکستان میں سینکڑوں ریسٹورنٹس استعمال کرتے ہیں۔


































