
کراچی: حکومت کی یقین دہانیوں کے باوجود پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی ملک بھر میں موبائل فون سروس معطل ہوگئی۔ موبائل فون بند ہونے سے ایس ایم ایس سروس ۔آٹھ تین صفر صفر۔ تک رسائی بھی منقطع ہوگئی۔ جس سے لاکھوں ووٹرز اپنے ووٹ کی تفصیلات نہیں جان سکے۔ الیکشن کمیشن نے سروس کی معطلی پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے موبائل فون سروس کی بندش سے لاتعلقی ظاہر کردی اور کہا کہ اگر دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہو جائے تو کون ذمہ دار ہوگا۔ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ دہشت گردی کےحالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔اس لیے ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند ہونے سے 8300 کی ایس ایم ایس سروس بھی متاثر ہے۔ ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی ۔ آٹھ تین صفر صفر ۔ ایس ایم ایس سروس بند ہونے سے ووٹرز اپنے ووٹ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے سے محروم ہوگئے ہیں۔


































