
اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے کینیا کی وزیر خارجہ محترمہ ریچل اومامو نے ٹیلیفونک رابطہ کیا, دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، کینیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، انگیج افریقہ پالیسی، ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، پاکستان، کینیا کے ساتھ کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ اقتصادی، تجارتی و دفاعی تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے، وزیر خارجہ نے ماہ اکتوبر کیلئے سیکیورٹی کونسل کی صدارت کا منصب سنبھالنے پر کینیا کی وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیااور قریبی ہمسایہ ہونے کے ناطے افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی و معاشی بحران پر گہری تشویش ہے، وزیرخارجہ نے کہا کہ اگر افغانستان میں صورتحال مزید خراب ہوئی تو افغان مہاجرین کی یلغار سمیت بہت سے مضمرات سامنے آئیں گے، ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری افغانوں کو انسانی و معاشی معاونت کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔


































