
عمان : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں بچے زندہ رہنے کا حق مانگ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اردن میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ماہ رمضان میں غزہ میں لاکھوں انسان بھوک کا شکار ہیں۔اسرائیل مسلسل غذا کی فراہمی کیلئے امدادی قافلوں کو غزہ میں داخلے سے روک رہا ہے۔جس کے سنگین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔شمالی غزہ اور وسطی غزہ میں شدید غذائی قلت ہے۔ رفح میں بھی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔غذا کی منتظر افراد پر اسرائیلی حملے بھی تشویشناک ہیں۔اس وقت عالمی برادری کو غزہ میں عملی اقدامات کی ضرورت ہے اگر غزہ میں بھوک بے قابو ہوئی تو انسانوں کو مرنے سے بچانا دشوار ہوجائے گا۔غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی لازمی ہے جس کےلیے عالمی طاقتوں کو مل کر کردار ادا کرنا چاہئے۔


































