
بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے از سر نو سیکیورٹی پلان ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کا انعقاد آج ہوا۔ جس میں آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، اے سی ایس داخلہ زاہد سلیم سمیت اعلیٰ سول و عسکری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سانحہ نوشکی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر و ڈی آئی جی رخشان ڈویژن نے سانحہ نوشکی سے متعلق اجلاس میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں نوشکی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ مستقبل میں ایسے واقعات کی بیخ کنی کے لئے سیکیورٹی پلان کو از سر نو مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں ہے۔ امن دشمنوں کے خلاف یہ جنگ ریاست کی جنگ ہے۔ یہ جنگ سیاستدان، سول آرمڈ فورسز، بیورو کریسی، عدلیہ، میڈیا سب نے لڑنی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف ریاست کی اس جنگ کو سیاسی ذمہ داری اور مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ لڑیں گے.


































