
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے گذشتہ سال نو مئی کو پیش آنے والے واقعات کو ریاست پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ کوئی سیاسی لیڈر یا ٹولہ اپنی فوج پر حملہ کرے، دھمکیاں دے، پروپیگنڈا کرے اس سے بات نہیں ہو گی۔ سیاسی انتہشاری ٹولے کے لیے ایک ہی راستہ ہے، صدقِ دل سے معافی مانگے۔ بات چیت سیاسی جماعتوں کو زیب دیتی ہے اداروں کو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ہنگامہ کرنے اور کرانے والوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا دینی پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان کے فوجی ترجمان نے الزام لگایا کہ ہندوستانی فوج کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے. حالیہ دہشت گرد واقعات کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے ہرحد تک جائیں گے۔ انہوں نے امریکا کو فوجی اڈے دینے کی تردید کی اور کہاکہ پاکستان نے کسی کو نہ اڈے دیے ہیں، نہ دیے جائیں گے۔


































