
دہلی : بھارت کے مختلف شہروں میں مسلم دشمن وقف بل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے حکومت سے بل واپس لینے کا مطالبہ کیا۔احمد آباد میں جمعہ کی نماز کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر بل کی مخالفت کی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پچاس سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ مظاہرے کے دوران ماحول کشیدہ رہا لیکن پولیس نے صورتحال قابو میں رکھی۔
مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں بھی وقف بل کے خلاف زبردست مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نے ’وقف بِل واپس لو‘ کے نعرے لگائے۔ جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں بھی مسلمانوں نے نماز جمعہ کے بعد زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وقف بِل میں تبدیلی سے ان کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
بہار کے شہر جمئی میں بھی رضا نگر غوثیہ مسجد کے باہر سینکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور دیگر رہنماؤں کے خلاف نعرے بازی کی اور آئندہ انتخابات میں حکومت کو سبق سکھانے کی بات کی۔


































