
قاہرہ: مصر نے مساجد میں نکاح اور تعزیتی تقریبات پر پابندی لگادی۔مصر کی وزارت مذہبی امور نے ملک بھر کی مساجد کے لیے نیا ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مساجد میں تعزیتی سرگرمیوں اور نکاح کی تقریبات پر پابندی ہوگی۔ مساجد کے ہال، صحن اور مسجد کا حصہ سمجھے جانے والے کسی بھی مقام کو تعزیتی سرگرمی یا نکاح کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ اس اقدام کا مقصد مساجد کے تقدس کو برقرار رکھنا ہے۔ مساجد میں چندہ اور عطیات مانگنے پر بھی پابندی ہوگی، صرف مجاز سرگرمیوں کے لیے فنڈز جمع کئے جاسکیں گے۔ مساجد میں الگ سے چندہ بکس رکھنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ مساجد کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور خبردارکیا گیا ہے کہ لاپرواہی برتنے یا ممنوع سرگرمیوں کی اجازت دینے والے منتظمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی۔


































