تحریر: مجتبی شاہسونی
26 مارچ 2015ء کے دن سعودی عرب کی سربراہی میں تشکیل پانے والے عرب اتحاد نے امریکہ اور مغربی ممالک کی حمایت سے یمن کے مظلوم اور بیگناہ شہریوں پر بم برسانے شروع کئے اور اپنی اس جارحیت کو "فیصلہ کن طوفان” کا نام دیا۔ اس جارحیت میں خلیج تعاون کونسل کے تقریباً تمام رکن ممالک شامل تھے۔ اس جنگ کا مقصد یمن کے مستعفی صدر عبد ربہ منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لوٹانا بیان کیا گیا تھا۔ یہ مقصد اب تک پورا نہیں ہو سکا جبکہ یمنی عوام اس جارحیت کو سات سال بیت جانے کے باوجود پورے عزم اور حوصلے سے اپنی سرزمین کا دفاع کرنے میں مصروف ہیں اور بھرپور استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ مزید برآں، یمن آرمی اور انصاراللہ فورسز نے اب تک جارح قوتوں کو کئی بار منہ توڑ جواب بھی دیا ہے۔
یمن کا صوبہ مارب کئی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل صوبہ ہے۔ سب سے پہلے اس کی اسٹریٹجک پوزیشن ہے۔ یہ صوبہ یمن کے مرکز میں واقع ہے اور باقی صوبوں کو آپس میں ملانے والا ہے۔ صوبہ مارب یمن کے مغربی صوبوں کو مشرقی اور شمالی صوبوں سے متصل کرتا ہے۔ صوبہ مارب کا مرکز مارب شہر ہے جو دارالحکومت صنعاء سے محض 170 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یوں مارب کا شہر "یمن کے دارالحکومت کا مشرقی دروازہ” یا "یمن کے دل” کے طور پر مشہور ہے۔ مارب کا شہر ملک کے مرکز میں ہونے کے ناطے مشرقی سے مغربی صوبوں نیز شمالی سے جنوبی صوبوں کے درمیان راستوں کا مرکز بھی ہے۔ صوبہ مارب کی اہمیت کا دوسرا پہلو وہاں موجود قدرتی ذخائر خاص طور پر تیل اور گیس کے وسیع ذخائر یعنی اقتصادی پہلو ہے۔
گذشتہ کچھ ہفتوں سے یمن آرمی اور انصاراللہ رضاکار فورسز نے صوبہ مارب کو جارح قوتوں سے آزاد کروانے کیلئے بڑا فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ اس سلسلے میں انہیں بہت اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور وہ مارب شہر کی جانب پیشقدمی کر رہی ہیں۔ مارب شہر کے قریب پہاڑی سلسلہ پایا جاتا ہے جس پر یمن آرمی قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری طرف سعودی جنگی طیارے وسیع پیمانے پر مارب میں موجود تکفیری دہشت گرد عناصر کی مدد اور حمایت کرنے میں مصروف ہیں۔ جبال البلق نامی یہ پہاڑی سلسلہ مارب شہر کے قریب واقع ہونے کے ناطے انتہائی اہم ہے۔ صوبہ مارب میں 14 بڑے شہر موجود ہیں جن میں سے 12 شہر دشمن کے قبضے سے آزاد کروا لئے گئے ہیں اور اب صرف دو شہر یعنی مارب اور الوادی باقی بچے ہیں۔
امریکہ اور اس کے مغربی اتحادی ممالک گذشتہ سات برس سے سعودی جارح اتحاد کی بھرپور حمایت کرنے میں مصروف ہیں۔ اسی طرح امریکی دباو کے نتیجے میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل بھی مظلوم یمنی عوام کے خلاف جارح قوتوں کی مدد کر رہی ہے۔ حال ہی میں اقوام متحدہ نے ملک کا دفاع کرنے والے 9 یمنی رہنماوں پر پابندی عائد کر دی ہے جن میں انصاراللہ تحریک کے سربراہ عبدالملک الحوثی بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ ہر پانچ یمنی بچوں میں سے چار بچے انسانی امداد کے شدید محتاج ہیں۔ یمن کے تقریبا 11 ملین بچوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے جبکہ 4 لاکھ بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں عالمی ادارے یمن کے خلاف ظالمانہ جنگ ختم کرنے کی کوشش کی بجائے جارح قوتوں کا ساتھ دینے میں مصروف ہیں۔
صوبہ مارب میں یمن آرمی اور انصاراللہ فورسز کو حاصل ہونے والی حالیہ کامیابیاں انتہائی اہم ہیں جو جنگ میں یمن کی حتمی فتح کا زمینہ فراہم کر سکتی ہیں۔ صوبہ مارب صحرائی علاقے میں واقع ہے اور یہاں یمن کے سب سے زیادہ قدرتی تیل اور گیس کے ذخائر پائے جاتے ہیں۔ اسی طرح یمن کی اکثر تیل کی تنصیبات بھی اسی صوبے میں واقع ہیں۔ صافر راس عیسی آئل پائپ لائن کے ذریعے صوبہ مارب سے خام تیل بحر احمر کے ذریعے برآمد کیا جاتا ہے۔ صوبہ مارب میں ایک آئل ریفائنری بھی ہے جو ملک کی انرجی کی ضروریات پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں فوجی اتحاد اس صوبے پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کی سرتوڑ کوشش انجام دے رہا ہے۔ صوبہ مارب پر انصاراللہ فورسز کا قبضہ جارح قوتوں پر جہنم کے دروازے کھول سکتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کچھ سال پہلے انصاراللہ رہنماوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران یمنی مجاہدین کی فتح کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا تھا: "ہر باایمان قوم جو خدا پر ایمان رکھتی ہو اور خدا کے وعدے پر مکمل یقین رکھتی ہو یقیناً کامیاب ہو گی۔ لہذا اس میں کوئی شک نہیں کہ یمن کی مظلوم اور مجاہد قوم فتح سے ہمکنار ہو گی۔” یمنی مجاہدین کے تابڑ توڑ حملوں نے ثابت کر دیا ہے کہ سعودی اتحاد کے جارحانہ اقدامات کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ یمن آرمی اور انصاراللہ فورسز کی صلاحیتوں اور توانائیوں میں بھی اس حد تک اضافہ ہو چکا ہے کہ وہ بہت اچھے انداز میں اپنی سرزمین کا دفاع کر سکتے ہیں۔ سعودی حکمران بھی اس حقیقت کو اچھی طرح جان چکے ہیں لہذا اب کسی بھی طرح اس دلدل سے باہر نکلنے کا راستہ تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
































