
جدہ: اسلامی تعاون تنظیم اور فلسطین سمیت کئی ممالک نے برطانوی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ امریکا اور اسرائیل نے اس پر شدید تنقید کی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نےکہاہےکہ برطانیہ کا فیصلہ بین الاقوامی قانون اور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنا ایک سیاسی، قانونی اور اخلاقی فریضہ ہے اور یہ امن کے حصول کی بنیاد ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے کہاہےکہ برطانیہ کا فیصلہ دوریاستی حل کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ سعودی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری اور امن پسند ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔
فرانس کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ برطانیہ کے اہم فیصلے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے، ہم تشدد کے نہ ختم ہونے والے چکر کو توڑ رہے ہیں اور خطے میں امن کے امکانات کو دوبارہ کھول رہے ہیں۔
ادھر صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم کا فیصلہ حماس کی خوفناک دہشت گردی کا انعام اور اس کے متاثرین کو سزا دینا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا حماس کیلئے انعام ہوگا۔ ایسا نہیں کیا جانا چاہئے۔


































