
نئی دہلی: ہندوستان کے صوبے مہاراشٹرا میں سیاسی جماعتوں نے لوک سبھا کے الیکشن میں مسلمانوں کو مکمل نظر انداز کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا میں 2011 کی مردم شماری کے تحت مسلمانوں کی آبادی ساڑھے گیارہ فیصد یعنی ڈیڑھ کروڑ کے قریب ہے۔ اور ممبئی سمیت 40 اسمبلی حلقوں میں مسلمانوں کا اہم رول ہے۔ اس کے باجود سیاسی جماعتوں نے ٹکٹوں کی تقسیم میں مسلمانوں کو نظر انداز کردیا۔مسلمانوں کو ہندوتوا پارٹیوں سے کوئی توقعات نہیں ہیں، لیکن کانگریس-این سی پی جیسی سیکولر جماعتوں نے بھی کسی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا۔این سی پی کے نائب صدر سلیم سارنگ نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے کی تمام پارٹیاں مسلمانوں کو لوک سبھا کی امیدواری آبادی کے تناسب سے دیں۔ واضح رہے کہ 2019 کے انتخابات میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں نے 20 مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے جن میں سے 10 نے کامیابی حاصل کی تھی۔


































