
لاہور: معروف سیاسی رہنما اور وکیل لطیف کھوسہ نے پیپلز پارٹی چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ اعتزاز احسن میرے ساتھ ہیں، وہ بیمار ہونے کی وجہ سے آ نہیں سکے، آج میں خوشیوں کی طرف جا رہا ہوں، مجھے ڈرانے کی کوشش کی گئی، میرے گھر پر گولی چلائی گئی، مجھے لفٹ میں گھنٹہ بند رکھا گیا، لیکن سچ کو سچ کہنا ہے، خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ہو یا جج ہو سب کو عوام کے ٹیکسوں سے پیسے جاتے ہیں، عدالتوں کا کام ہے انصاف فراہم کرنا۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ اس وقت ریاست غیر آئینی بن چکی ہے، ہمارے ایک وکیل اور جماعت کے رہنما کو گرفتار کر لیا جاتا ہے، کل مجھے شرم آئی ہم اپنے وکیل بھائی کا لاہور میں تحفظ بھی نہیں کر سکے۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ عدالتیں اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کروائیں، جج صاحبان بچوں کی طرح آپس میں لڑ رہےہیں، اگر کوئی غلط فیصلہ کرے گا تو وہ دوزخ میں جائے گا۔


































