
راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغانستان سے دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے 5 جوان شہید ہوگئے،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز کی بھر پور جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ شہدا میں 34 سالہ لانس نائیک عجب نور، 22 سالہ سپاہی ضیا اللہ خان،23 سالہ سپاہی ناہید اقبال، 23 سالہ سپاہی سمیر اللہ خان اور27 سالہ سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور افغان عبوری حکومت سے مستقبل میں ایسی سرگرمیاں نہ ہونے کی توقع کرتا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاک افغان سرحد پار سے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان حکومت اپنے وعدوں کے مطابق سرحد پار سے دہشت گرد کارروائیاں روکے۔


































