
اسٹاک ہوم: سوئیڈن میں قرآن جلانے کا مجرم رہائشی اجازت نامہ منسوخ ہونے پر ناروے منتقل ہوگیا جہاں اس نے پناہ کی درخواست دائر کردی ہے۔ عراقی پناہ گزین سلوان مومیکا نے ایک سے زائد بار قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی جس کے بعد پوری دنیا بالخصوص مسلم ممالک میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔ مسلم دنیا میں شدید احتجاج کے بعد سوئیڈن کی حکومت نے قرآن کی توہین کرنے والے عراقی پناہ گزین کا رہائشی اجازت نامہ منسوخ کر دیا۔ سلوان مومیکا نے کہاکہ میں سویڈن کے سرکاری اداروں کی جانب سے زیادتیوں کے بعد یہ ملک چھوڑ رہا ہوں۔ مجھے نکالنے کے فیصلے کے بعد سویڈن میرے لیے خطرناک ملک بن چکا ہے۔ مجھے ڈر ہے کہ وہ مجھے عراقی حکام کے حوالے نہ کر دیں۔


































