
تہران : بلوچستان سے متصل ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ یہ واقعہ پاکستانی سرحد سے متصل ایران کے شہر سراوان کے علاقے سیرکان میں پیش آیا۔ پاکستانیوں کا تعلق صوبہ پنجاب سے بتایا جاتا ہے جو سیرکان کے علاقے میں موٹر گیراج میں کام کرتے تھے اور ایک کمرے میں رہائش پذیر تھے۔ نامعلوم افراد نے کمرے میں گھس کر گولیوں کا نشانہ بنایا فائرنگ سے تین افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ یہ ایک ہولناک اور قابل نفرت واقعہ ہے اور ہم اس کی بلاشبہ مذمت کرتے ہیں۔ ہم ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس واقعے کی فوری تحقیقات کرنے اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کا محاسبہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔


































