
کراچی: کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں عباس ٹاؤن دھماکے کا مرکزی ملزم مارا گیا۔ سی ٹی ڈی نے موچکو کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشت گرد نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں دہشتگرد عمر فاروق عرف ڈاکٹر مارا گیا۔ عمر فاروق کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا وہ کراچی پولیس آفس حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ دہشت گرد کے خلاف 2013ء سے 2014ء تک 10 مقدمات مختلف تھانوں میں درج تھے۔ دہشت گرد عمر فاروق 2014ء میں جیل گیا پھر بری ہونے کے بعد افغانستان چلا گیا تھا۔ ملزم پر مبینہ ٹاؤن، سچل، سی ٹی ڈی، اتحاد ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن اور گلشن معمار میں مقدمات درج تھے۔


































