
کراچی: کراچی میں جاپانیوں کو لے جانیوالی گاڑی پر خودکش حملہ کیا گیا ۔ دوسرا دہشت گرد پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا۔ حملے کے بعد پولیس اور حساس اداروں نے غیر ملکیوں کو باحفاظت طور پر وین سے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔ کراچی کے علاقے لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملے کی رپورٹ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مرتب کرلی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکا خود کش تھا، مارے گئے دو میں سے ایک دہشت گرد کی شناخت ہوگئی جو پنجگور کا رہائشی تھا۔ حملے کی جگہ سے خودکش بمبار کا سر اور ٹانگیں ملی ہیں۔ دہشت گرد سے ایک بیگ برآمد ہوا۔ بیگ میں 4 دستی بم ، 3 رافئل گرنیڈ ، 3 میگزین ، پانی اور پیٹرول کی ایک ایک بوتل برآمد ہوئی۔ مارے گئے دہشت گرد کی جیکٹ سے ایک دستی بم برآمد ہوا جبکہ ایک دستی بم مارے گئے دہشت گرد کے ہاتھ میں موجود تھا۔ دہشت گرد کی ایس ایم جی پر ایک لانچر لگا ہوا تھا اور ایک رائفل گرنیڈ لانچر میں موجود تھا۔ دہشت گردوں سے مجموعی طور پر 6 دستی بم اور 4 لانچر گرنیڈ برآمد ہوئے جبکہ بال بئیرنگ کا ایک ڈبہ بھی موجود تھا۔ تمام دستی بموں اور لانچر گرنیڈ کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔


































