
صوابی: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ بنوں واقعے کو بنیاد بنا کر پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے لیے جواز پیدا کر رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار صوابی کی حلف برداری کے موقع پر وکلا سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ بنوں کا واقعہ جو ہوا ہے یہ ایک نیا ڈرامہ شروع کر رہے ہیں لیکن ہم کسی صورت اپنے صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جو حالات ہیں اس کے بعد ملکی اداروں، آئین و قانون پر اعتماد ختم ہوچکا ہے جبکہ مجھے تو ڈر لگ رہا ہے خدانحواستہ ہم خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ہم تنگ آ چکے ہیں اب بارود، بندوق اور بم دھماکے نہیں چلیں گے۔ اسد قیصر نے کہا کہ آپ نے 40، 45 سال ہم پر جنگیں مسلط کیں اور ہم سے قلم چھین کر ہمارے ہاتوں میں بارود و کلاشنکوف دیا، ہمارے بچوں سے امید لے کر آپ نے مایوسی دی اب کہتے ہو کہ آپ دہشت گرد ہیں، آپ نے افغانستان کے ساتھ تعلقات ختم کرکے ان کے ساتھ سرحد بند کر دی۔


































