
اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے مچھلی بازار بن گیا۔ اپوزیشن نے صدر آصف زرداری کی تقریر کے دوران خوب احتجاج اور شور شرابہ کیا۔ پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ نے عمران خان کے حق میں اور آصف زرداری کے خلاف چور چور اور گو زرداری گو کے نعرے لگائے۔ ارکان نے عمران خان کی تصاویر بھی لہرا دیں۔ جمشید دستی نے صدر زرداری کے سامنے جاکر عمران خان کی تصویر والا پوسٹر رکھ دیا۔ اور وہ تقریر کے دوران سیٹیاں اور باجے بجاتے رہے۔ تقریر کے دوران پیپلز پارٹی، سنی اتحاد کونسل اراکین کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی۔ ادھر ہنگامہ آرائی کے خوف سے اجلاس میں مدعو کیے گئے اعلیٰ ریاستی مہمانوں کی اکثریت شریک نہ ہوئی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ، تینوں سروسز چیف، پنجاب،سندھ، خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ، چاروں گورنرز، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سمیت بیشتر مہمان اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔


































