
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات کا تحریک انصاف خصوصاً چیئرمین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، من گھڑت رپورٹ 9 مئی واقعات کے حقیقی ذمے داروں کو بچانے کی کوشش ہے۔ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری کے بعد سپریم کورٹ میں 9 مئی واقعات کی مذمت کی، اُن کی گرفتاری کو سپریم کورٹ نے مکمل طور پر غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ آزادانہ تحقیقات تک جعلی جے آئی ٹیز رپورٹس کی کوئی حیثیت نہیں، جے آئی ٹی کی من گھڑت رپورٹ کےخلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ حقیقی ذمے داروں کے تعیّن کےلیے قانونی، آئینی اور سیاسی راستہ اختیار کریں گے۔


































