
راولپنڈی: مہنگائی اور مہنگے بجلی بلوں کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا 11 ویں روز میں داخل ہوگیا، کارکنان کی جانب سے حکومت کے خلاف نعرے بازی کا سلسلہ جاری ہے۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کے 11 ویں روز کارکنان نے معمول کے مطابق نماز فجر کی ادائیگی پنڈال میں کی جس کے بعد شرکاء کی تواضع نان اور حلوے سے کی گئی۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔
دوسری جانب کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بھی شرکت کی۔
شرکا سے اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جاگیرداروں سے انکم ٹیکس کیوں وصول نہیں کیا جاتا؟ آج اعلان کریں اور کل سے ٹیکس وصول کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ بجلی کے بل کم کردیجیے، اسی میں آپ کی نجات ہے، ورنہ دھرنا تحریک کہیں آپ کو ہی نہ لے کر ڈوب جائے۔


































