
اسلام آباد: جماعت اسلامی کی جانب سے اسلام آباد میں غزہ مارچ نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ شرکا نے ایمبیسی روڈ پر مارچ کیا۔ شرکا سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ستائیس رمضان المبارک کو ملین مارچ نکالنے کا اعلان کردیا انہوں نے کہا کہ بیت المقدس میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی ہے۔ چہتر لاکھ مسلم فوج اور مسلم ممالک خاموش ہیں۔ فلسطینیوں کو اسلحہ کی ضرورت ہے اور ان کو ڈسپرین اور بسکٹ بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امریکہ کی لگائی ہوئی آگ ہے۔ امریکہ انسانیت کے دشمن کا نام ہے۔ ہمارے ملک کے حکمران امریکا سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ آگے بڑھو۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی فوج اپنی عوام پر مسلط رہی۔ یہ ڈراما ہم نے بہت اسلامی ممالک میں دیکھا۔ اب پاکستانی قوم مزید اس ڈرامے کو برداشت نہیں کرے گی۔ امت کا ساتھ نہیں دیا تو ہم پاکستان اور اس کے نظریے کو نہیں بچا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دو خاندان پاکستان پر مسلط ہو گئے ہیں۔ ان کے ہوتے پاکستان کا خزانہ محفوظ نہیں ہے۔ ان خاندانوں نے کئی سالوں سے ملک کو نچوڑا ہے۔ پاکستانی قوم کو یقین دلاتا ہوں یہ ان کی آخری باری ہے۔


































