
کولمبو : سری لنکا کے وزیراعظم اور صدر نے سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں اپنے شہری پرینتھا کمارا کی ہلاکت پر شدید صدمے اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجاپکسا نے اپنے ٹوئٹر بیان میں سیالکوٹ میں اپنے شہری پرینتھا کمارا کی ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کو ہولناک واقعہ قرار دیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میری ہمدردیاں ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری کی بیوہ اور فیملی کے ساتھ ہیں۔سری لنکا اور اس کے عوام یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ سری لنکا کے صدر گوتابایا راجاپکسا نے ٹوئٹر بیان میں سیالکوٹ واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ’وزیراعظم پاکستان عمران خان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔


































