
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارتی الیکشن کے دوران اسلام اور پاکستان مخالف بیانات پر تشویش کا اظہار کردیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان نے ماہ رمضان میں وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی یقین دہانی کرائی تھی، امید ہے سعودی ولی عہد رواں ماہ پاکستان آئیں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے بعد دفتر خارجہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت میں لوک سبھا الیکشن کے دوران اسلام اور پاکستان مخالف بیانات تشویشناک ہیں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ میرے تین ایجنڈے تھے، فلسطین، مقبوضہ جموں کشمیر اور اسلاموفوبیا۔ فلسطینی ریاست قائم ہونے تک مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے اور بے گھر فلسطینیوں کی فوری گھر واپسی یقینی بنائی جائے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ او آئی سی میں غزہ میں جاری مظالم، مسئلہ کشمیر اور اسلاموفوبیا پر آواز اٹھانا ہمارا ایجنڈا تھا۔


































