
جنیوا : اقوام متحدہ نے جنین میں اسرائیل کی جانب سے جدید فوجی ہتھیاروں کے استعمال پر شدید تنقید کی۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے خبردار کیا کہ بھاری ہتھیاروں کے استعمال کی وجہ سے صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ تشدد بند کرے۔ انہوں نے جنین پناہ گزین کیمپ میں چھاپے کے دوران اسرائیل کی جانب سے طاقت کے غیر معمولی استعمال کی مذمت کی اور کہا کہ جنین میں صیہونی فوج کی کارروائی بدامنی سے نمٹنے کے بجائے مسلح دشمنی کو کچلنے پر مرکوز تھی۔ صیہونی فوج نے چھاپے کے دوران انتہائی جدید اور مہلک ہتھیار استعمال کئے۔ ادھر بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر نے بھی فلسطین کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے۔ آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کریم خان کے دفتر نے بتایا کہ دفتر استغاثہ فلسطین کی صورت حال اور پیش رفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ یہ او ٹی پی کی جاری تحقیقات سے متعلق ہیں۔


































