
رام اللہ : فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کے لیے اسرائیلی وزیر اعظم سے لائسنس یا اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ تمام ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتے ہیں جن میں امریکی انتظامیہ بھی شامل ہے۔ نیتن یاہو نہ صرف فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کرتے ہیں بلکہ مشرقی یروشلم سمیت مغربی کنارے کے بہ تدریج الحاق کو بڑھا کر وہاں آباد کاری کو گہرا اور وسعت دے کرفلسطینی ریاست کے امکانات کو تباہ کر رہے ہیں۔ وہ فلسطینی علاقوں کو غزہ کی پٹی سے مکمل طور پر الگ تھلگ کررہے ہیں۔ ادھر حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فیصلہ بین الاقوامی نظام کے لیے ایک چیلنج ہے اور صیہونی ریاست کے حقیقی رویے کی تصدیق کرتا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں سے متصادم ہے اور ہمارے حقوق کی نفی ہے۔


































