
نیویارک: اسلامی تعاون تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ فوری طور پر ختم کرایا جائے اور دو ریاستی حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں اجلاس سے خطاب میں او آئی سی کی جانب سے ترک سفیر احمد یلدز نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ فوری توجہ کا متقاضی بن چکا ہے۔ غزہ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ احمد یلدز نے کہا کہ غزہ میں تباہ کن جنگ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطینی عوام کے حقوق، زمین، سلامتی اور وقار پر مسلسل حملوں کے باعث بنیادی وجوہات کا حل ناگزیر ہو چکا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


































