
جنیوا: اقوام متحدہ کے اداروں نے ایک بار پھر غزہ میں امداد کی تقسیم کے اسرائیلی نظام کو غیر انسانی اور غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے ترجمان تھمین الخیتان نے جنیوا میں نیوز بریفنگ میں نئے نظام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا عسکریت پسند انسانی امداد کا طریقہ کار امداد کی تقسیم کے بین الاقوامی معیارات سے متصادم ہے۔ انہوں نےکہا کہ شہریوں کیلئے خوراک کو ہتھیار بنانا، زندگی کو برقرار رکھنے والی خدمات تک ان کی رسائی کو محدود کرنا یا روکنا ایک جنگی جرم ہے۔
برلن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انروا کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا کہ نیا نام نہاد میکانزم مکروہ ہے جو مایوس لوگوں کو ذلیل اور رسوا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موت کا جال ہے جس سے جان بچانے سے کہیں زیادہ قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔


































